کراچی علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ اور عباس ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہوگئے، نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس کے باہر مظاہرین نے روڈ بلاک کردیا۔
ابوالحسن اصفہانی روڈ اور عباس ٹاؤن اور گرد و نواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علاقہ مکینوں نے دعویٰ کیا کہ عباس ٹاؤن میں دن 11 سے رات 2 بجے تک 10 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ شیڈولڈ ہے لیکن رات 2 بجے بجلی آئی پھر 3 بجے دوبارہ بند کردی گئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے پچھلے 12 دنوں سے رات کو اضافی لوڈشیڈنگ معمول بنالی ہے، سخت گرمی میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار ذہنی اذیت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود بجلی بندش کا شکار ہیں۔
ادھر کراچی کے علاقے سیکٹر الیون ای نارتھ کراچی کے رہائشیوں نے نیو کراچی پاور ہاؤس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ کیا جس سے سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
کراچی پاور ہاؤس کے پاس کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ 5-5 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے بعد 10 منٹ بجلی آتی ہے پھر گھنٹوں کیلئے غائب ہوجاتی ہے۔
بعد ازاں پولیس مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچی جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے پاور ہاؤس چورنگی کو ٹریفک کیلئے کھول دیا
Loading...