شمالی بحراوقیانوس کے ٹھنڈے پانیوں میں 27 ارب روپے کی بیش قیمت گاڑیاں ڈوب گئیں۔
یہ حادثہ ’فلیسیسٹی ایس‘ نامی مال بردار بحری جہاز میں پیش آیا جو جرمنی سے امریکہ جا رہا تھا اور شمالی بحر اوقیانوس میں فنی خرابی کے باعث ڈوب گیا۔
بحری جہاز ’فلیسیٹی ایس‘ میں جرمنی سے چار ہزار نئی بیش قیمت گاڑیاں امریکہ لے جائی جا رہیں تھی۔ ان میں مشہور و معروف برانڈز کی گاڑیاں شامل تھیں۔
حادثے میں بحری جہاز کے کپتان سمیت عملے کے 22 افراد کو ریسکیو عملے نے بچا لیا، مگر اس جہاز پر لدی یہ بیش قیمت گاڑیاں اتنی خوش نصیب نہیں تھیں۔
ان گاڑیوں میں پورشے بینٹلے نامی مشہور گاڑیاں بھی شامل تھیں جن کی انفرادی قیمت 70 ہزار پاؤنڈ تھی۔
لگژری کاریں بنانے والی بینٹلے کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز پر ان کی 189 نئی گاڑیاں موجود تھیں، جبکہ پورشے کمپنی کے مطابق ڈوبنے والے جہاز میں ان کی 1100 کاریں تھیں۔
یہ گاڑیاں جرمنی سے امریکہ کے ’روڈ آئی لینڈ‘ پہنچائی جانی تھیں جہاں اُن کو صارفین کے حوالے کر دیا جاتا مگر دوران سفر ہی بحری جہاز آہستہ آہستہ پانی میں غرق ہونے لگا۔
لیکن خوش قسمتی سے یہ تمام گاڑیاں ہی انشورڈ تھیں اور خبر رساں ادارے کے مطابق والکس ویگن کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان گاڑیوں کی انشورنس کی مالیت 116 ملین برطانوی پاؤنڈ بنے گی۔
ہ مال بردار جہاز اپنے قیمتی سامان سے لدا جرمنی کے پورٹ ایمڈین سے امریکہ جا رہا تھا جب 16 فروری کو دوران سفر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
اس حادثے کے فوری بعد تمام عملے کو امدادی کشتیوں کی مدد سے بحفاظت جہاز سے نکال لیا گیا۔
لیکن فیلیسیٹی ایس شمالی بحر اوقیانوس کی گہرائی میں ڈوبتا چلا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ جہاز اس وقت تقریباً 3500 میٹر گہرائی میں موجود ہے۔