
پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر شام ادریس کا کہنا ہے کہ آج یوٹیوبر اور وی لاگر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکافاتِ عمل کا نتیجہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتی دنوں یوٹیوبر اور وی لاگر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا۔
ڈکی بھائی نے مذکورہ ویڈیو پیغام میں اپنی اہلیہ عروب جتوئی کی نازیبا ویڈیو کو ڈیپ فیک قرار دیتے ہوئے، جعلی ویڈیو بنانے والے کی معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا
تاہم اب اس حوالے سے یوٹیوبر شام ادریس نے اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے عروب جتوئی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ بے شک اللّٰہ بہترین انصاف کرنے والا ہے۔
شام ادریس نے ڈکی بھائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں آپ نے محض چند لائکس کے لیے میری اہلیہ کے حجاب اور ان کی جسامت کا مذاق اُڑایا اور طرح طرح کی میمز بنائیں جس کے سبب میری اہلیہ بھی اسی کرب سے گزریں جس سے آج عروب جتوئی گزر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب میں شہرت کی بلندیوں پر تھا تب آپ کی اُن میمز کی وجہ سے ہماری نجی زندگی بہت متاثر ہوئی تھی اور ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب میں نے خودکشی کرنے کے بارے میں سوچا لیکن پھر میں نے سب اللّٰہ پر چھوڑ دیا تھا۔