لاہور ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جیل میں دی گئی سہولتوں کی رپورٹ پیش کردی گئی، بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر ماہانہ 12 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 7 سیلز پر مشتمل سیکیورٹی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ 7 میں سے 2 سیلز بانی پی ٹی آئی کے زیر استعمال ہیں، 5 سیلز سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند رکھے گئے ہیں، ان سیلز کے صحن کو بانی پی ٹی آئی چہل قدمی کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کوئی بھی شخص بغیر اجازت بانی پی ٹی آئی کے سیل تک نہیں پہنچ سکتا، بانی پی ٹی آئی کے وارڈ کی حفاظت کیلئے پیشہ ور تربیت یافتہ افراد مامور ہیں، اڈیالہ جیل میں 10 قیدیوں پر ایک اہلکار تعینات ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے لیے 15 اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے 2 سیکیورٹی افسران ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر لگائے 3 اہلکار سی سی ٹی وی کیمروں پر مامور ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر ماہانہ 12 لاکھ روپے خرچ آتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کیلئے لگائے گئے کیمروں پر 5 لاکھ روپے کا خرچ آیا۔
بانی پی ٹی آئی کے کھانے کیلئے اسپیشل قواعد و ضوابط تشکیل دیے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو صحت افزا کھانا مہیا کیا جاتا ہے جو اسپیشل کچن میں بنتا ہے، بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، انہیں کھانا فراہم کرنے سے قبل میڈیکل افسر یا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کھانے کا معائنہ کرتا ہے۔
جیل کے میڈیکل افسر کے علاوہ راولپنڈی کے ایک اسپتال کے 6 ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کے طبی علاج کیلئے تعینات ہیں، راولپنڈی کے ایک دوسرے اسپتال کے اسپیشلسٹ کی ٹیم جیل کا ہفتہ وار دورہ کرتی ہے، اسپیشلسٹ کی ٹیم ضرورت پڑنے پر بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو چہل قدمی کے لیے جیل میں ایک خاص جگہ فراہم کی گئی ہے، جیل میں ورزش کے لیے مشین اور دیگر اشیا فراہم کی گئی ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آنے والوں کے حوالے سے اہم قوائد و ضوابط بنائے گئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے دوران، ایک جامع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جاتا ہے، اڈیالہ جیل کی حفاظت کیلئے پولیس، رینجرز سمیت مختلف محکموں نے فرضی مشقیں بھی کیں، اڈیالہ جیل کی جانب جانے والی سڑکوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے، اڈیالہ جیل کے ارد گرد رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکار گشت کرتے ہیں
Loading...