آسٹریلیا نے میلبرن ٹیسٹ میچ میں 79 رنز سے پاکستان کو شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 317 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے دوسری اننگ کا آغاز کیا، تاہم پہلی وکٹ 8 اور دوسری 49 رنز پر گر گئی۔
عبداللّٰہ شفیق 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ اور امام الحق 12 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 110 رنز تک پہنچایا جس کے بعد شان مسعود 60 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم آؤٹ
پاکستان کی چوتھی وکٹ 146 رنز پر گری جب بابر اعظم 40 رنز بنا کر فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 162 رنز پر گری، سعود شکیل 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں محمد رضوان اور آغا سلمان کی پارٹنرشپ نے میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا تاہم 219 رنز پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب محمد رضوان 35 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد 219 رنز پر ہی پاکستان کی ساتویں وکٹ بھی گر گئی، عامر جمال کو صفر پر پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی آخری تین وکٹیں 237 رنز پر گریں
پاکستان کی آخری تین وکٹیں 237 رنز پر گریں، شاہین آفریدی صفر، آغا سلمان 50 اور میر حمزہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے میچ میں 10وکٹیں حاصل کیں اور یوں میچ کا نتیجہ چوتھے دن ہی آگیا۔
اس سے قبل آج میچ کے چوتھے دن کے کھیل میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹ پر 187 رنز سے آگے بڑھائی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی مچل اسٹارک کو آؤٹ کردیا، جس کے بعد عامر جمال نے بھی 2 وکٹ حاصل کیے۔
آسٹریلیا کی آخری وکٹ میر حمزہ کے حصے میں آئی اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی.
آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 96 رنز بنا کر نمایاں رہے، وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری نے 96 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی نصف سنچری تھی۔
ایلکس کیری 53 اور اسٹیو اسمتھ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز 16 ، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ڈیوڈ وارنر 6 ، مارنس لبوشین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ کھاتہ نہ کھول سکے، شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 4۔4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عامر جمال نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی اننگز کے 54 رنز کے خسارے کے بعد جیت کیلئے تقریباً ڈیڑھ دن کے کھیل میں 317 رنز کا ہدف ملا تھا
Loading...