مونال ریسٹورینٹ سیل کرنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد

اسلام  آباد: سپریم کورٹ نے مونال ریسٹورینٹ سیل کرنے کا اسلام  آباد ہائیکورٹ کا حکم معطل  کرنے کی استدعا  مسترد  کردی۔

سپریم  کورٹ میں  مونال ریسٹورینٹ سیل کرنے کے خلاف اپیل  پر سماعت  ہوئی جس سلسلے میں مونال  ریسٹورینٹ کی طرف  سے مخدوم  علی خان بطور وکیل  پیش  ہوئے۔

مخدوم  علی خان نے اپنے دلائل  میں  کہا  کہ سی ڈی اے نے تحریری حکم سے پہلے ہی مونال کو سیل کر دیا جب کہ سی ڈی اے اور مونال کا تنازع سول عدالت میں زیر التوا ہے۔

مخدوم  علی  خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمہ زیر التوا ہونے کے باوجود فیصلہ سنا دیا۔

اس  پر جسٹس اعجاز  الاحسن  نے کہا کہ جو کچھ ہو چکا ہے اسے فی الحال واپس نہیں کرسکتے۔

جسٹس مظاہر نے سوال  کیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ نے مروجہ طریقہ کار سے ہٹ کر فیصلہ کیا ہے؟ اس  پر مخدوم  علی خان  نے مؤقف اپنایا کہ شواہد ریکارڈ کیے بغیر ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کیا، مونال ریسٹورینٹ تو کیس میں فریق ہی نہیں تھا، ہائیکورٹ نے سوموٹو لیتے ہوئے مونال کو سیل کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد  کردی۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت  آئندہ ہفتے تک ملتوی  کردی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*