گجرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر کیلیے قائد اعظم گولڈ میڈل


استحکام پاکستان فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیم وتدریس کے میدان میں ڈاکٹر مشاہد انور کی اعلیٰ خدمات کا اعتراف کیا گیا

ای لائبیری آڈیٹوریم اسپورٹس کمپلیکس قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب، ڈاکٹر مشاہد کی خدمات کو خراج تحسین

تعلیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے طلبہ کو تحقیق و اختراع کی راہ پر گامزن کرنا ایک اہم ذمہ داری ہے، ڈاکٹر مشاہد

لاہور(نمائندہ خصوصی)وائس چانسلرجامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہدانور کو استحکام پاکستان فاؤ نڈیشن کی جانب سے قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ای لائبیری آڈیٹوریم سپورٹس کمپلیکس قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہدانور کو تعلیم و تدریس کے میدان میں اعلیٰ خدمات سرانجام دینے پر قائد اعظم گولڈمیڈل ایوارڈ ملنے پر تعلیمی و سماجی حلقوں کی مقتدر شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی۔یادر ہے کہ استحکام پاکستان فاؤنڈیشن مثالی فرائض منصبی،اعلیٰ کارکردگی اور انسانیت کی بے لوث خدمت سر انجام دینے والی شخصیات کو قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ سے سرفراز کرتی ہے۔قومی سطح پر منعقدہ اس پْر وقار تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں بریگیڈیئر وحید الزمان طارق،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور اور وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر زریں فاطمہ رضوی شامل تھیں۔مہمانانِ اعزاز میں پنجاب بھر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بیوروکریٹ،انتظامی عہدیداران اور نام ور سماجی و سیاسی شخصیات شامل تھیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے طلبہ کو تحقیق و اختراع کی راہ پر گامزن کرنا ایک اہم ذمہ داری ہے۔انسانی تہذیب و سماج کی ترقی اعلیٰ تعلیمی نظام کی کامیابی سے وابستہ ہے۔دور حاضر میں تعلیم یافتہ اقوام ہی ترقی یافتہ ہیں۔پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم سے سرفراز کرتے ہوئے ملک کے مقدر کو خوشحال و کامران بنایا جا سکتا ہے۔صدراستحکام پاکستان فاؤ نڈیشن ذیشان بہادر چغتائی نے قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ کی غرض و اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔بریگیڈیئر وحید الزمان طارق نے پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور کو قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ پہناتے ہوئے پْرزور الفا ظ میں تعلیم و تدریس اور سائنسی و تحقیقی ترقی کے میدان میں ان کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور نے بطور مہمانِ خصوصی پنجاب بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی سماجی شخصیات کو قائد اعظم گولڈ میڈل ایوارڈ تقسیم کیے۔یاد رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور کی تدریسی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کا سلسلہ بیس سالہ وسیع تجربہ پر محیط ہے۔اس دوران انہیں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں تدریسی و انتظامی فرائض کی انجام دہی کا موقع ملا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے 2006 میں سالزبرگ یونیورسٹی آسٹریا سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔انہیں علوم جغرافیہ میں تخصص حاصل ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور ایک علمی شخصیت اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے حامل استاد ہیں۔ اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کی بابت انہیں پاکستان بھر کے تعلیمی و علمی حلقوں میں ایک معتبر مقام حاصل ہے۔ ڈاکٹر محمد مشاہد انور کے علمی و تحقیقی مقالہ جات کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا چکا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*