ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان سمیت 3 کھلاڑی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہیں اور فاسٹ بولر ذیشان ضمیر کو سائیڈ اسٹرین ہے جبکہ محمد اخلاق کو ٹانگ پر گیند لگی تھی۔
شاداب خان کی میڈیکل رپورٹ اور ذیشان ضمیر کی ایم آر آئی رپورٹ دوپہر میں موصول ہو گی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو محمد اخلاق کی ایم آر آئی رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔
ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ تینوں کرکٹرز کی میڈیکل رپورٹس کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑی کولن منرو بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں، ان کا میڈیکل چیک اپ آج دوپہر میں ہو گا، وہ بیٹنگ کے دوران تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کرکٹر کولن منرو کو چند روز قبل ٹریننگ کے دوران دائیں بازو پر بال لگی تھی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی ایلکس ہیلز پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلکس ہیلز ذاتی وجوہات کی بنا پر پی ایس ایل سے دستبردار ہوئے ہیں۔