لاکھوں عازمین حج آج منگل 27 جون کو میدان عرفات میں حج کا رُکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں، حجاج مسجد نمرہ اور میدان عرفات میں عبادات اور حج کا خطبہ سُن رہے ہیں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی اسلام کے پانچویں رکن حج کی ادائیگی کے لیے پاکستان کی کئی نامور شخصیات سعودی عرب میں موجود ہے۔
فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے پاکستان کے موجودہ صدر مملکت عارف الرحمان علوی کے ہمراہ انکی بیگم ثمینہ علوی ، صاحبزادے ڈاکٹر اواب علوی‘ صاحبزادی ڈاکٹر نعیمہ علوی بھوانی‘ صاحبزادی ڈاکٹر رادھیا سمیت کچھ دیگر افراد گئے ہیں۔
اس کے علاوہ صدرِ مملکت کے ہمراہ 11رُکنی پرسنل اسٹاف اور وزارت امور خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول سید علی رضا شاہ بھی گئے ہیں۔
خوش قسمت حجاج میں کرکٹ سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات میں بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، احمد شہزاد، انضمام الحق اور فخر زمان شامل ہیں۔
رواں برس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ ، معروف صحافی و ٹی وی اینکر وسیم بادامی اور اداکارہ ریما کو بھی حج کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس کورونا وائرس کے تین سال بعد منیٰ کی خیمہ بستی مکمل طور پر آباد ہوئی ہے اور چوتھے سال میں حج تعداد اور عمر کی شرائط کی پابندی کے بغیر ادا کیا جا رہا ہے۔