
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی مردم شماری درست نہ ہونے اور کم گننے پر ایم کیو ایم حکومت سے باہر آنے پر غور کر رہی ہے۔
ایم کیوایم کے کئی ارکان اسمبلی نے حکومت سے باہر آنے کی تجویز کی حمایت کی ہے، جبکہ متعدد ارکان اسمبلی نے قومی و صوبائی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔
ایم کیو ایم کے بعض اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنا استعفا رابطہ کمیٹی کو دے دیا ہے، استعفا دینے والوں میں رکن قومی اسمبلی امین الحق اور فیصل سبزواری شامل ہیں۔
اس ضمن میں ایم کیو ایم نے وزیراعظم کو تحفظات اور فیصلوں سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایم کیوایم کا وفد کل وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔
ایم کیوایم وفد نے اتحادی جماعتوں کی قیادت کو بھی صورتِ حال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات کا سنا جائے گا۔