من مانے کرایوں کی وصولی جاری

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کا مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی کیخلاف مہم کا آغاز، گاڑیوں کی چیکنگ، جرمانے

ٹرانسپورٹرز باز نہ آئے، اندرون سندھ اور پنجاب جانے والی بسوں پر مقررہ کرائے سے زائد وصولی کا سلسلہ جاری

چند روز قبل تک پانچ سو روپے زائد وصول کیے جارہے تھے جو اب ایک سے دو ہزار روپے تک جاپہنچے ہیں، مسافر

کراچی میں 45 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، خلاف ورزی پر 15000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے زائد کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ کے باوجود انٹرسٹی بسوں کے من مانے کرائے وصول کیے جارہے ہیں، اطلاعات کے مطابق اندرون سندھ اور پنجاب جانے والی بسوں پر مقررہ کرائے سے زائد وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور عید قریب آنے پر من مانے کرائے وصول کیے جارہے ہیں، شہر میں قائم متعدد بس اڈوں پر مسافروں نے شکایت کی کہ چند روز قبل تک مقررہ کرائے سے پانچ سو روپے عیدی کے نام پر وصول کیے جارہے تھے جو اب عید کے رش کی وجہ سے مزید بڑھ کر ایک ہزار سے دو ہزار روپے تک جاپہنچے ہیں، مسافروں کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں تاہم ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں بھی جاری ہیں، دوسری طرف محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کراچی میں 45 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، خلاف ورزی کرنے والوں پر 15000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسافروں کو 97 ہزار روپے واپس کیے گئے۔ترجمان کے مطابق شہید بینظیرآباد میں خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں 30 گاڑیوں کا چالان کیا گیا اور ان پر 17 ہزار 100 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ مسافروں کو 7800 روپے واپس کیے گئے۔ترجمان کے مطابق بدین میں ٹرانسپورٹرز پر 7500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 6800 روپے مسافروں کو واپس کیے گئے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سکھر روہڑی ملتان موٹر وے پر کارروائی میں ٹرانسپورٹرز پر 10 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 12 ہزار 300 روپے مسافروں کو واپس دلوائے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*