کراچی: پیپلز پارٹی سندھ نے 5 جولائی جمہوریت پر شب خون مارنے کے خلاف کل سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔
پی پی رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 5 جولائی 1977ء کے ضیاالحق کے آمرانہ اقدام اور شہید بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے خلاف کل سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل 18 ویں ترمیم کے ذریعے آئین سے 58 ٹو بی کی شق کے خاتمے کی وجہ سے جاری ہے۔ 18 ویں ترمیم کے ذریعے 58 ٹوبی کا خاتمہ کرکے جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ آئین کی اصل حالت میں بحالی،18 ویں ترمیم اور 58 ٹو بی کی شق کے خاتمے کا کریڈٹ پارلیمنٹ اور صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم میں آئین توڑنے والوں کو آرٹیکل 6 کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ ماضی میں رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومتوں کو گھر بھیج کر آمریت مسلط کی جاتی تھی۔ ملک میں تمام مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمنٹ و آئین کی بالادستی میں ہے۔ تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں گے تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھ اسمبلی کی قرارداد کو اہمیت دے کر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید اور قومی جمہوری ہیرو ڈکلیئر کرے۔