یومِ آزادی پر تحریکِ پاکستان کے مقاصد کی تکمیل اور حقیقی آزادی کے عزم کا اعادہ کیا جائے: رامش عظیم

کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اور ممبر عمران ٹائیگرز کراچی رامش عظیم نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی خطے کا حصول نہیں بلکہ لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور ایک آزاد و خودمختار ریاست کے خواب کی تکمیل تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان کے بزرگوں اور کارکنان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں آزادی، انصاف، مساوات اور بنیادی حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ آج ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ کیا ہم نے ان قربانیوں کے مقاصد کو حقیقت میں حاصل کر لیا ہے؟

رامش عظیم نے کہا کہ آج پاکستان میں عوام، سیاسی کارکنوں اور مخالف سیاسی آوازوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیاں، گرفتاریوں، پابندیوں، سیاسی انتقام اور بنیادی انسانی و جمہوری حقوق کی پامالی ملک کے بانیوں کے خواب سے مطابقت نہیں رکھتی۔ پاکستان کسی فرد، جماعت یا ادارے کی جاگیر نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا ملک ہے، جہاں آئین، قانون اور عوامی مینڈیٹ کی بالادستی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج بھی آئین، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت، عوامی حقوق اور ایک خودمختار پاکستان کی جدوجہد کی علامت ہیں۔ اگر تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں نے غلامی اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی تھی تو آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھی ظلم، ناانصافی اور سیاسی جبر کے خلاف آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں۔

رامش عظیم نے کہا کہ 14 اگست صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عہد کی تجدید کا دن ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں کسی کے ساتھ سیاسی اور مذہبی وابستگی کی بنیاد پر ناانصافی نہ ہو، ہر شہری کو برابر کے حقوق حاصل ہوں اور فیصلے عوام کی مرضی اور آئین کے مطابق ہوں۔

انہوں نے قوم بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے متحد رہیں اور اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیں۔

پاکستان زندہ باد

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*