گوادر کے فٹ بالرز کا دیرینہ خواب تکمیل کے آخری مراحل میں

بلوچستان کے شہر گوادر میں خستہ حال فٹ بال اسٹیڈیم کو نیا رنگ دے کر مقامی فٹ بالرز کا دیرینہ خواب پورا کر دیا گیا۔

گوادر کی بندر گاہ کے قریب میر غوث بزنجو فٹ بال اسٹیڈیم کو مقامی انتظامیہ نے تزئین و آرائش کے بعد نیا روپ دے دیا گیا ہے۔

گوادر ڈیلوپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمٰن قمبرانی کا کہنا تھا کہ فٹ بال اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے۔

میر غوث بزنجو فٹ بال اسٹیڈیم بلوچستان کا قدیم ترین اسٹیڈیم ہے جو ایک لاکھ 83 ہزار اسکوائر فٹ کی طویل اراضی پر پھیلا ہوا ہے ، لیکن مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث کھنڈرات کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھا۔

گوادر کے کوہ باطل کے دامن میں قائم یہ فٹ بال اسٹیڈیم گوادر بندر گاہ کے قریب ہونے کے باعث انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جس میں کھلاڑیوں کو کوئی سہولت میسر نہیں تھی۔

حالیہ تزئین و آرائش کے بعد فٹ بال اسٹیڈیم ایک نئے دلکش انداز میں سامنے آیا ہے۔

اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لئے نئے پویلین بنائے گئے ہیں، مہمانوں کے لئے بھی مخصوص اسٹینڈ بنایا گیا ہے ، جبکہ کھلاڑیوں اور اسٹیڈیم کے عملے لئے کمرے اور دفاتر بھی بنائے گئے ہیں۔

میر غوث بزنجو اسٹیڈیم میں پہلے کھلاڑی مٹی میں کھیلا کرتے تھے لیکن اب گراؤنڈ میں ہر جانب ہری گھاس خوبصورت منظر پیش کر رہی ہے، جبکہ اسٹیڈیم میں پانی کی مسلسل فراہمی کے لئے اضافی زیر زمین واٹر ٹینک بھی بنائے گئے ہیں۔

اسٹیڈیم کو جدت سے ہم آہنگ کرنے کے لئے فلڈ لائٹس بھی لگائی گئیں ہیں ، علاوہ ازیں اسٹیڈیم میں واکنگ ٹریکس اور پارکنگ ایریا کے ساتھ دیگر مقامات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

اس اسٹیڈیم کا افتتاح بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کریں گے جس کے بعد یہاں فٹ بال کی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*