
ملک میں گندم کی قیمت میں فی کلو 15 روپے اضافے سے 130 روپے تک پہنچنے کے بعد فلور ملز کی جانب سے آٹے کے نرخوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کے تحت ڈھائی نمبر آٹا 15 روپے اضافے کے بعد ہول سیل میں 145 روپے اور ریٹیل سطح پر 160 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے، جبکہ فائن آٹا 13 روپے اضافے کے ساتھ ریٹیل میں 175 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب چکی کا آٹا بھی 10 روپے مہنگا ہو کر 180 روپے فی کلو کی سطح پر آ گیا ہے۔ فلور ملز انتظامیہ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی بلند قیمتوں کے باعث سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں رہی، جس کے پیش نظر حکومت سے فوری طور پر 20 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
