
کراچی: گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے۔ فلار ملز نے آٹے کے فی کلو نرخ 20 روپے تک بڑھا دیے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 14 ہزار 500 روپے فی 100 کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ہول سیل میں ریگولر آٹا 155، میدہ 167 اور فائنل آٹا 180 روپے فی کلو ہوگیا ہے، ریٹیل میں ریگولر آٹا 170، فائن 200 اور چکی آٹا 210 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قیمت بڑھانے سے پہلے فلار ملز نے کئی روز سپلائی روکے رکھی جس سے دکانوں پر اسٹاک کی کمی ہوئی، درآمدی گندم نومبر تک پہنچنے کی توقع، اوپن مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے 15 اکتوبر سے فلار ملز کو رعایتی گندم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت سندھ 12 ہزار 500 روپے فی 100 کلو کےحساب سے رعایتی گندم جاری کرے گی، سندھ کے سرکاری ذخائر میں 3 لاکھ 46 ہزار 414 میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ پاسکو، درآمدی گندم آنے کے بعد ذخیرہ 8 لاکھ 36 ہزار 414 میٹرک ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔
