کراچی: پولیس مقابلے، 8 ملزم گرفتار، فائرنگ و حادثات، 12 زخمی

کراچی کے علاقوں فیڈرل بی ایریا، گلبرگ اور خمیسو گوٹھ میں پولیس نے ہونے والے مبینہ مقابلوں کے بعد 6 زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

کورنگی، سبزی منڈی، جیکسن اور مچھر کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں 9 سالہ بچے سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے، نیٹی جیٹل پر حادثے پر میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔

3 پولیس مقابلے
پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں 3 زخمی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں سلمان، بابر اور فراز شامل ہیں۔ملزمان کے قبضے سے پولیس نے 3 پستول، 2 موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد کیے ہیں، ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا ہے۔

گرفتار زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب گلبرگ کے علاقے میں واقع طارق گراؤنڈ میں ہوئے مبینہ پولیس مقابلے میں 2 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار زخمی ملزمان میں عدنان عرف ایان، اکبر علی، اسامہ اور رضوان شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان سے 4 پستول اور 2 چوری کی موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہو چکے ہیں، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ملزمان لوٹ مار کے لیے جا رہے تھے کہ پولیس نے چیکنگ کے لیے روکا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔

ادھر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو فہیم اکرم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

بینر لگانے پر جھگڑا، پکنک کی بس پر فائرنگ
کورنگی چکرا گوٹھ میں 2 مذہبی گروپوں میں بینر لگانے پر جھگڑا ہوا تھا، اس کے کچھ گھنٹے بعد علاقے میں پکنک کی بکنگ پر جانے کے لیے بس آئی تھی۔

علاقے کے نوجوان پکنک پر جانے کے لیے بس میں سوار ہو رہے تھے کہ ایک مذہبی گروپ کے کارکنان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت عثمان، نعمان اور ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جائے وقوع سے پولیس نے شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

فائرنگ سے 4 افراد زخمی
بلدیہ ٹاؤن نمبر 8 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 20 سالہ معیز زخمی ہو گیا۔سپر ہائی وے پر نیو سبزی منڈی کے ایک ہوٹل میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے عبدالباسط نامی شخص زخمی ہو گیا۔

مچھر کالونی میں ذاتی جھگڑے پر فائرنگ سے 45 سالہ شروف خان زخمی ہو گیا۔

کیماڑی سکندر آباد میں گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 9 سالہ بچہ عباس خان زخمی ہو گیا۔

حادثے میں 5 افراد زخمی
ریسکیو ادارے کے مطابق نیٹی جیٹی پل پر 2 موٹر سائیکلیں ٹکرانے سے موٹر سائیکل سوار 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*