
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کراچی میں مذاکرات کا آغاز ہوگیا ، جس میں اسٹیٹ بینک حکام ملکی معاشی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان پہنچ گیا اور کراچی میں مذاکرات کا آغاز ہوگیا، پہلے مرحلے میں اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ ٹیکنیکل مذاکرات جاری ہیں، جس میں حکام ملکی معاشی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالر سے زائد رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے، جس سے وفد کو آگاہ کیا جائے گا۔
ٹیکنیکل مذاکرات میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور بنیادی شرح سود سمیت اہم معاشی امور پر گفتگو ہوگی۔
آئی ایم ایف وفد کو پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور یورو بانڈ کے کامیاب اجرا سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ بیرونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم پر بھی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
شیڈول کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد کراچی میں اوورسیز چیمبر آف کامرس سے بھی اہم ملاقات کرے گا۔
کراچی کے مرحلے کے بعد آئی ایم ایف وفد 25 ستمبر کو اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں وزارتِ خزانہ، وزارتِ نجکاری، وزارتِ توانائی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کے ساتھ پالیسی سطح کے حتمی مذاکرات ہوں گے۔
