
کراچی میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور نظام کو جدید بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کراچی ٹریفک مینجمنٹ کمپنی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، میونسپل کمشنر ابرار جعفر اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر اسمارٹ ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں میئر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے اسمارٹ سگنلز نصب کرنے کا اعلان بھی کیا۔میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہری حکومت ہونے کے ناطے شہر کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایم اے جناح روڈ کو اسمارٹ روڈ بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے 20 ملین روپے فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں میئر کراچی نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی کہ سگنلز کی خریداری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔ ساتھ ہی ماری پور روڈ پر لین مارکنگ، فٹ پاتھ کی تعمیر اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کمپنی کو باقاعدہ ٹریفک مینجمنٹ اتھارٹی میں تبدیل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بھی نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹریفک کو مؤثر انداز میں ریگولیٹ کیا جائے تو شہر کے آدھے مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں اب تک تقریباً 95 ٹریفک سگنلز فعال کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
