
کراچی (9 اکتوبر 2026): کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے ستمبر 2026 میں 2 ارب 74 کروڑ روپے کی ریکارڈ وصولیاں کر کے ادارے کی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ ریونیو جمع کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی وصولیاں 7 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی نے کہا کہ مالیاتی اصلاحات کا مقصد شفافیت، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارے کی آپریشنل استعداد بہتر بنانا ہے تاکہ دستیاب وسائل کو پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں خرچ کیا جا سکے۔
چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز کے مطابق ریونیو وصولیوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں نادہندگان کے خلاف مؤثر حکمت عملی، صنعتی، بلک اور سرکاری صارفین سے رابطوں میں بہتری اور ریکوری کے نظام کو فعال بنانا شامل ہے، نادہندگان کو واجبات کی مدت کے لحاظ سے مختلف گروپس میں تقسیم کر کے الگ الگ حکمت عملی اپنائی گئی، جبکہ طویل عرصے سے واجبات ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشن منقطع کرنے سمیت دیگر اقدامات کیے گئے، حالیہ نادہندگان کو یاد دہانیوں اور اقساط کے ذریعے ادائیگی کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتی، بلک اور سرکاری صارفین کے ساتھ اجلاس کر کے پرانے بلوں اور واجبات کی تصدیق و ادائیگی کے معاملات حل کیے گئے جبکہ ریکوری کے عمل کو تیز کرنے کیلیے ادارے کے عملے اور آؤٹ سورس ٹیموں کو متحرک کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔
واٹر کارپوریشن نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بلوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ ادارے کی مالیاتی استعداد میں مزید بہتری لائی جا سکے اور شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔
