
کراچی : شہر قائد میں کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے نظام میں بڑی تبدیلی کا آغاز ہو رہا ہے، جو شہر کے صفائی کے مسائل کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک بڑی تبدیلی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج جام چاکرو میں جدید میکانائزڈ لینڈ فل سائٹ کے پہلے سیل کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جام چاکرو میں جدید میکانائزڈ لینڈ فل سائٹ کا پہلا سیل فعال بنایا جا رہا ہے، جبکہ اس منصوبے کے تحت یہاں مجموعی طور پر 5 جدید سیلز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جام چاکرو لینڈ فل سائٹ کے تمام 5 سیلز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ رواں برس دسمبر تک تمام سیلز مکمل طور پر فعال کر دیے جائیں گے۔
شہر کراچی میں اب کچرے کو بے ترتیب اور روایتی طریقے سے پھینکنے کی بجائے ایک انتہائی مؤثر اور جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
اس اقدام کا مقصد شہر میں کچرا ٹھکانے لگانے کے عمل کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو پاک و صاف ماحول فراہم ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق جام چاکرو کی اس میکانائزڈ سائٹ سے کراچی بھر سے روزانہ نکلنے والے ہزاروں ٹن کچرے کو سائنسی انداز میں تلف کرنے اور ری سائیکلنگ کے قابل بنانے میں مدد ملے گی، جو شہر کے صفائی کے مسائل کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
