
کراچی میں ریلوے پولیس اور کے ایم سی تنازع میں شدت آگئی، کینٹ اسٹیشن تھانہ میدان جنگ بن گیا۔
کینٹ اسٹیشن کےقریب ریلوے پولیس تھانے میں جھگڑے کی فوٹیج منظرعام پر آ گئی جس میں سندھ پولیس اور پاکستان ریلویز پولیس کے اہلکار لڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔
کینٹ اسٹیشن تھانے میں تلخ کلامی سے شروع ہونے والا تنازع دھکم پیل تک پہنچ گیا اور تلخی بڑھنے پر دونوں جانب کے اہلکاروں نے ایک دوسرے پر اسلحہ تان لیا۔
تنازع کے دوران کینٹ اسٹیشن تھانے کے اندر کشیدگی رہی اور فائرنگ بھی ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ریلوے پولیس نےسٹی وارڈن کے دفتر پر چھاپہ مارا تھا جس کے بعد ایسٹ زون پولیس نے کینٹ اسٹیشن تھانے پر چھاپہ مارا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر شاہراہ فیصل پولیس اور ریلوے پولیس آمنے سامنے تھیں، گرفتاری کے لیے آنے والے شاہراہ فیصل پولیس اور ریلوے پولیس کے اہلکاروں میں جھگڑا ہوا تھا۔
ریلوے پولیس اور کے ایم سی کے افسران ایک دوسرے پر مقدمات درج کرا چکے ہیں۔
