
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کاروبار کے مرکز صدر میں خوف و ہراس۔ کریم سینٹر کی ایک کپڑے کی دکان میں دوپہر کے وقت اچانک آگ لگ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق دکان سے پہلے دھواں اٹھا اور پھر شعلے بھڑک اٹھے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے موقع پر پہنچ کر بتایا کہ فائر فائٹنگ کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب کولنگ کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ڈی سی ساؤتھ نے انکشاف کیا کہ "فائر سیفٹی کے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے اس بلڈنگ کو پہلے بھی سیل کیا جا چکا ہے ریلیف کی بات یہ رہی کہ اس پورے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم دکان میں رکھا مال جل کر خاکستر ہو گیا۔واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر صدر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

