محمد عادل خان و دیگر کی آئینی درخواست پر سماعت 5 اکتوبر کو مقرر، حکومت سندھ، محکمہ ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ اور کے ڈی اے سمیت 16 فریقین کو نوٹس جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ، ڈائریکٹر فنانس اور دیگر متعلقہ افسران کو سندھ ہائی کورٹ کراچی نے آئینی درخواست کی سماعت کے سلسلے میں طلب کرلیا۔ عدالت کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق آئینی درخواست نمبر 6049/2026 کی سماعت 5 اکتوبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، جس میں فریقین کو ذاتی حیثیت میں یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں محمد عادل خان اور ایک دوسرے درخواست گزار کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں حکومت سندھ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالتی دستاویز کے مطابق فریقین میں حکومت سندھ بذریعہ سیکریٹری محکمہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ، ادارہ ترقیات کراچی ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے، ڈائریکٹر فنانس کے ڈی اے اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شامل ہیں۔ دستاویز کے مطابق درخواست گزاروں کے وکیل نے آئین پاکستان 1973ء کے آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے فریقین کو مقررہ تاریخ پر پیش ہوکر مقدمے میں اپنا مؤقف پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔کے ڈی اے کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ افراد کی بطور فریق نامزدگی کے باعث اس مقدمے کی سماعت ادارے کے حلقوں میں اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ کے ڈی اے افسران کا کہنا ہے کہ دیگر اداروں یا محکموں سے افسران کی تعیناتی کے باعث ادارے کے اپنے افسران کے ترقی اور تقرری کے معاملات متاثر ہورہے ہیں۔ اس صورتحال سے کے ڈی اے کے مستقل افسران کو پیشہ ورانہ مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے سروس سے متعلق حقوق متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔
