کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر مرمتی کام کے باعث پانی کی فراہمی 48 گھنٹے کیلئے بند کرنے کا اعلان

کراچی : شہر قائد میں 2 دن کے لئے پانی کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کردیا گیا ، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور پہلے سے ذخیرہ کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی معطل رہنے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی ٹرانسمیشن لائن کو سسٹم سے منسلک کرنے کے لیے کل سے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہر کو 48 گھنٹوں تک روزانہ 250 ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا رہے گا۔

کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت ٹرانسمیشن لائن نمبر 5 کی انٹر کنکشن کا کام 25 اپریل بروز ہفتہ دوپہر 12 بجے شروع ہوگا جو 27 اپریل تک جاری رہے گا۔

اس مرمتی کام کے دوران فورتھ فیز، K-II اور K-III سسٹمز سے پانی کی سپلائی مکمل بند رہے گی۔

متاثر ہونے والے علاقوں میں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، اسکیم 33 اور گلستانِ جوہر جبکہ گلشنِ اقبال، صدر اور چنیسر ٹاؤن کے مختلف حصے شامل ہیں۔

دھابیجی کے 21 میں سے 9 پمپس بند رکھے جائیں گے اور 7 پمپس 27 اپریل تک بحال کر دیے جائیں گے، جبکہ 2 پمپس مزید 5 دن تک تکنیکی کام کے لیے بند رہیں گے۔

کراچی کو عام طور پر 650 MGD پانی فراہم کیا جاتا ہے، جو اس بندش کے دوران کم ہو کر تقریباً 400 MGD رہ جائے گا جبکہ نیپا، صفورہ اور سخی حسن پر قائم واٹر ہائیڈرنٹس بھی اس مدت کے دوران بند رہیں گے۔

واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ اس اپ گریڈیشن سے مستقبل میں پانی کی ترسیل بہتر ہوگی اور سسٹم میں پریشر مستحکم ہوگا۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور پہلے سے ذخیرہ کر لیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*