
کراچی : جماعت اسلامی نے کراچی میں احتجاجی روٹس اور دھرنوں کے مقامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا شام 4 بجے مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے مزارِ قائد کے لیے نکلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پٹرولیم لیوی، بھاری ٹیکسز اور بے لگام مہنگائی کے خلاف آج پورے پاکستان میں تاریخی احتجاج کیا جائے گا، جس کے دوران ملک کی 510 اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور روڈ بلاک رہیں گے۔
منعم ظفر نے واضح کیا کہ احتجاج کے دوران شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمرجنسی صورتحال کے پیشِ نظر صرف ایمبولینسز کو راستہ دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی میں شام 4 بجے شہر کے مختلف علاقوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے، یہ قافلے شاہراہِ پاکستان، حب روڈ، نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے، اورنگی، کورنگی، پاکستان چوک اور شیر شاہ سے نکلیں گے۔
انھوں نے مزید کہا تمام علاقائی قافلے پہلے مزارِ قائد پر جمع ہوں گے، جہاں سے ایک بہت بڑا اور مرکزی احتجاجی کارواں نکل کر شارعِ فیصل کی جانب روانہ ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی واپس لیے جانے تک ہمارا احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر 25 کروڑ پاکستانی متحد ہو کر اپنی اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کریں تو حکمرانوں سے اپنے تمام حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں اور مطالبات منوائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اور آئندہ نسلوں کے حقوق کے لیے اس ملک گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
