
کراچی : وی آئی پی کلچر کے خلاف شہری آپے سے باہر ہوگئے، بلاول چورنگی پر طویل انتظار پر شہری وی آئی پی موومنٹ کے دوران سیکیورٹی حصار توڑ کر چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں وی آئی پی موومنٹ کے دوران سڑکوں کی بندش پر شہریوں کا صبر جواب دے گیا، بلاول چورنگی پر طویل انتظار کے بعد شہریوں نے سیکیورٹی حصار توڑ کر راستہ اختیار کر لیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ واقعہ رات تقریباً 9 بجے پیش آیا، جب وی آئی پی قافلے کی گزرگاہ کے لیے ٹریفک کو آدھا گھنٹہ تک روکے رکھا گیا، انتظار سے تنگ آئے شہری، خصوصاً موٹر سائیکل سوار، پولیس کی ہدایات کے باوجود آگے بڑھنے لگے اور بعض نے سیکیورٹی حصار بھی توڑ دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار ٹریفک کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ متعدد شہری وی آئی پی پروٹوکول کو نظر انداز کرتے ہوئے راستہ عبور کر رہے ہیں۔ تاہم، تاحال متعلقہ وی آئی پی شخصیت کی شناخت سامنے نہیں آ سکی۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ سڑک بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر کئی افراد نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض صارفین نے وی آئی پی کلچر اور بار بار سڑکوں کی بندش کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ دیگر نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس احکامات کی خلاف ورزی کو خطرناک قرار دیا۔
تاحال کراچی پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہر میں وی آئی پی پروٹوکول، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی مشکلات پر بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔
