
کراچی(3 اکتوبر 2026): کراچی ایئرپورٹ پر جدید سہولتوں سے آراستہ نئے کنٹرول ٹاور کی تعمیر کی جگہ فائنل کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کو مزید محفوظ اور بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئے ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) ٹاور کی تعمیر کی جگہ فائنل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا کنٹرول ٹاور ایئرپورٹ کے مین داخلی گیٹ کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کا پرانا کنٹرول ٹاور دوسری جنگ عظیم کا تعمیر شدہ تھا، جو نہ صرف پرانا ہو چکا تھا بلکہ وقت کے ساتھ اس کی بلندی بھی کم ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے فضائی ٹریفک کی نگرانی میں مشکلات کا سامنا تھا۔
اس مسئلے کے حل کے لیے نئے کنٹرول ٹاور کی بلندی 200 فٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جدید ٹاور کی تعمیر سے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو طیاروں کی آمد و رفت پر بہتر نظر رکھنے میں مدد ملے گی، جس سے طیاروں کی بوقت اور محفوظ لینڈنگ اور ٹیک آف کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
