
کراچی (22 اپریل 2026): آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کر کے دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والوں کو خبردار کر دیا۔
آئی جی سندھ نے اپنے حالیہ بیان میں واضح کیا کہ شہر میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے اب سختی سے نمٹا جائے گا، شادی میں ہوائی فائرنگ ہوئی تو دلہا کے ساتھ اس کے والدین بھی گرفتار ہوں گے۔
جاوید عالم اوڈھو نے ہدیت کی کہ ایس ایس پیز ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی فوری گرفتاری کے حکم پر عملدرآمد کروائیں، نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، ان واقعات میں بچوں کے انتقال پر سخت دکھ ہوتا ہے۔
اپنے بیان میں آئی جی سندھ نے یہ بھی بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے 70 فیصد وارداتوں کے کیسز حل کرنے میں مدد ملی، شہر میں سیف سٹی کے علاوہ کیمروں کی تعداد 30 ہزار سے بڑھ کر 40 ہزار ہوگئی۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ تاجر مانیٹرنگ کا نظام بہتر بنانے کیلیے مزید کیمرے خود بھی لگائیں۔
