روس اور عمان کے ساتھ فوجی مشقیں بالترتیب چیراٹ اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوئی ہیں، آئی ایس پی آر

پاکستان کی روس کے ساتھ مشترکہ مشق دروزبہ اپنی نوعیت کی 9ویں اور عمان کے ساتھ وشاق الجبل کا یہ دوسرا ایڈیشن ہے، جو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاکستان اور روس کی مشترکہ مشقیں ‘دروزبہ’ کے نویں ایڈیشن اور پاکستان و عمان کی مشترکہ مشقوں ‘وشاق الجبل’ کے دوسرے ایڈیشن کا بالترتیب چیراٹ اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں آغاز ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دو ہفتوں پر محیط ان مشقوں میں پاکستان آرمی کے دستے اور روسی فوج اور رائل آرمی آف عمان کے دستے شریک ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان مشقوں کا مقصد آپریشنل تجربات کا تبادلہ، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی مشقوں اور طریقہ کار کو بہتر بنانا اور باہمی اشتراک عمل کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مشترکہ تربیت اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے ذریعے، شریک افواج اپنی جنگی مہارتوں اور ٹیکٹیکل صلاحیتوں کو نکھاریں گی اور ساتھ ہی دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کریں گی۔

