
اسلام آباد: 15 اکتوبر سے ای پاسپورٹ سسٹم نافذ ہونے کے بعد پرانے پاسپورٹ کے حوالے سے سوالات کھڑے ہوگئے۔
حکومتِ پاکستان نے ملک بھر اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ( کے اجرا کو مکمل طور پر بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
15 اکتوبر 2026 سے اب صرف جدید الیکٹرانک پاسپورٹ (e-passport) ہی جاری کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل نے اطلاع دی ہے کہ 15 اکتوبر سے نیا پاسپورٹ بنوانے یا تجدید کرانے والے تمام شہریوں کو صرف ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
موجودہ پاسپورٹ کا کیا ہوگا؟
تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی درج شدہ تاریخِ تنسیخ تک مکمل طور پر قابلِ استعمال رہیں گے۔ تاریخ ختم ہونے کے بعد ہی شہری کو ای پاسپورٹ حاصل کرنا ہوگا۔
یہ نیا نظام پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر سمیت بیرونِ ملک موجود پاکستانی تمام سفارتی مشنز پر بیک وقت نافذ العمل ہوگا۔
ای پاسپورٹ کیا ہے؟
ای پاسپورٹ ایک جدید ترین پاسپورٹ ہے جس میں ایک الیکٹرانک مائیکرو چپ نصب ہوتی ہے، اس چپ میں پاسپورٹ ہولڈر کا تمام حیاتیاتی (Biometric) اور ذاتی ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے، جسے دنیا بھر کے جدید امیگریشن سسٹمز کے ذریعے سیکنڈوں میں وریفائی کیا جا سکتا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان کے سفری دستاویزات کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید بنانا، پاسپورٹ کی سیکیورٹی کو مضبوط کرنا اور بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پاکستانی شہریوں کے لیے امیگریشن کے مراحل کو آسان بنانا ہے۔
