
6 اکتوبر 2026ء
پاکستان اور فلپائن نے زراعت، عوامی روابط، سیاحت اور بین الپارلیمانی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔
پاکستان کے سینیٹ کے وفد نے سینیٹر محمد عبدالقادر اور سینیٹر سید وقار مہدی کی قیادت میں فلپائن کا دورہ کیا۔
فلپائن کے سینیٹ کے صدر سینیٹر شیروِن گیچا لیان نے سینیٹر رابن پڈیلا کے ہمراہ فلپائن کی سینیٹ میں پاکستان کی سینیٹ کے وفد کا خیرمقدم کیااس موقع پر فلپائن میں پاکستان کی سفیر محترمہ عاصمہ ربانی بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔ وفد میں پاکستان کونسل کے چیئرمین محمد اسلم سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شامل تھیں۔ پاکستانی وفد فورم آف فیڈریشنز کے زیر اہتمام پہلے انٹرگورنمنٹل فِسکل انسٹی ٹیوشنز (IGFIN) اجلاس میں شرکت کے لیے منیلا پہنچا تھا۔
ملاقات کے موقع پر نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے غیر منظم اور غیر ذمہ دارانہ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پارلیمان کے مؤثر کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلپائن کے سینیٹ کے صدر نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے تعمیری اور ثالثی کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے عالمی تیل کی قیمتوں اور توانائی کی فراہمی پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں، خصوصاً فلپائن جیسے ممالک پر جو اپنی بیشتر تیل کی ضروریات مشرقِ وسطیٰ سے پوری کرتے ہیں۔
اس موقع پر سینیٹر محمد عبدالقادر نے فلپائن کو رواں سال آسیان (ASEAN) کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، آسیان کے ڈائیلاگ پارٹنر کی حیثیت سے تنظیم کے اہم اجلاسوں میں فعال شرکت کا خواہاں ہے۔ سینیٹر محمد عبدالقادر نے فلپائن کی سینیٹ کے وفد کو آئندہ سال فروری یا مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ فلپائنی حکام نے سینیٹ کے صدر نے پاکستانی وفد کو سینیٹ کے سیشن ہال کا دورہ کرایا۔
