
پاکستانی عازمین حج کی پہلی پرواز کراچی سے مدینہ منورہ پہنچ گئی ہے۔
حج پرواز کے ذریعے 155 عازمین کا مدینہ منورہ میں پرتپاک استقبال کیا گیا ہے، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام نے عازمین نے خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستانی عازمین حج کو مدینہ کے علاقے مرکزیہ میں رہائش فراہم کردی گئی ہے۔
عازمین کو عبادات میں آسانی کے لیے فوری نسک کارڈز جاری کردیے گئے ہیں جبکہ عازمین حج نے پاکستان سے مدینہ تک کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ان کی تواضع کھجور، مشروبات اور معیاری ناشتے سے کی گئی۔ عازمین نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور اور حج مشن پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
حکام کے مطابق آئندہ پروازوں کے لیے بھی اسی معیار کے انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف شعبوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب لاہور سے روٹ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز 345 عازمینِ حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔
عازمین کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا نے الوداع کیا۔
