وزیراعظم کی نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی 2026-31 کے مسودے کی منظوری، الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے رعایات کی تجویز

اسلام آباد : حکومت نے نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی کی منظوری دے دی جس کے تحت ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی مرحلہ وار کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی 2026 تا 2031 کے ابتدائی مسودے کی منظوری دے دی، تاہم مسودے میں بعض تبدیلیوں کی ہدایت بھی کردی۔

وزیراعظم نے نئی آٹو پالیسی میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر خصوصی توجہ دینے اور ہنرمند پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

پالیسی میں چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ٹیکس میں مزید کمی کی تجویز دی گئی ہے جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی تیاری کے لیے پرزہ جات پر رعایتی سیلز ٹیکس ایک فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔

دستاویز میں کہا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کو فیڈرل ایکسائز، کیپیٹل ویلیو اور ایڈوانس انکم ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی موجودہ رعایتیں ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

چارجنگ اسٹیشنز کے خام مال اور پرزہ جات پر رعایتی کسٹم ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔

دوسری جانب نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی مرحلہ وار کم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی 50 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد، ہائبرڈ ٹرک اور بسوں پر 30 سے 15 فیصد جبکہ ہائبرڈ لائٹ کمرشل گاڑیوں پر ڈیوٹی 60 سے کم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

تاہم نئی آٹو پالیسی پر آئی ایم ایف سے اکتوبر میں مشاورت کی جائے گی۔


اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*