وزیراعظم شہباز شریف کا حوثی ملیشیا سے سعودی عرب پر حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم نے ریاض اور ابہا ایئرپورٹس کو نشانہ بنائے جانے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا حوثی ملیشیا کے ان حملوں میں معصوم شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہوا۔

شہباز شریف نے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات کے مقابلے میں اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے فیصلوں پر مکمل طور پر قائم ہے اور سعودی عرب کو اپنے عوام، شہروں اور سرزمین کے دفاع کا پورا جائز اور قانونی حق حاصل ہے۔

سعودی مسلح افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی افواج نے متعدد بیلسٹک میزائل حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنا کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*