
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ میر رضا کیس میں نئی تحقیقاتی ٹیم کام کررہی ہے تحقیقات میں سامنے آجائے گا کہ کیا واقعہ ہوا ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کی قیادت میں ٹیم کا مقصد بھی یہ تھا کہ واقعے کا پتہ چلایا جائے، ایڈیشنل آئی جی نوجوان کی فیملی سے ملتے رہے اور والدین سے پوچھا کسی پر شک ہے تو بتائیں، میرےخیال میں مس کمیونی کیشن کامسئلہ آیاہے بہرحال حقیقت سامنے آجائے گی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی تیز کر دی گئی ہیں گزشتہ سال کی نسبت اس سال کارروائیاں مزیدتیزکردی گئی ہیں، آئی جی پی میں ایک ٹاسک فورس ہے لوگ اگر سمجھتے ہیں کہ کہیں پولیس کسی سے ملی ہوئی ہے تو ٹاسک فورس کو درخواست دیں ہمارا کام قانون پر عملدرآمد ہے پالیسی بنانا حکومت کا کام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے مقابلےجرائم میں بہت کمی آئی ہے قتل اور موبائل چھیننے کے واقعات میں کمی آئی ہے کچھ حلقوں میں پولیس کو مزید کام کرنےکی ضرورت ہے مختلف مقامات پر کیمرے لگا رہے ہیں، کچھ کمیونٹی کے ساتھ مل کر لگائیں گے۔
