حکومتی وعدوں اور دعوؤں کے باوجود ملک بھر میں مہنگائی پر قابو نہ پایا جا سکا، ایل پی جی، آٹا، مرغی کے گوشت، مٹن، بیف اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ہیں جبکہ شہریوں نے حکومت سے مہنگائی میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے اور معاشی حب کراچی میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں سے مہنگے داموں میں فروخت ہو رہی ہیں، شہر میں ایل پی جی، مرغی کے گوشت، آٹے اور انڈوں کے بازار کے نرخ مقررہ قیمتوں سے کہیں زیادہ ہیں۔
کراچی میں ایل پی جی 500 سے 550 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے جبکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے۔
مرغی کا گوشت سرکاری نرخ نامے میں 690 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم بازار میں یہ 750 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 145 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ شہر میں آٹا اوسطاً 190 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 240 روپے فی درجن ہے لیکن بازار میں انڈے 280 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں۔
کراچی میں مرغی کا گوشت سرکاری نرخ 690 روپے فی کلو کے بجائے 750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 145 روپے فی کلو مقرر چکی کا آٹا 190 روپے میں دستیاب ہے، انڈوں کی قیمت بھی 240 روپے فی درجن سے بڑھ کر 280 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور میں مرغی کا گوشت مزید مہنگا
لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد قیمت 577 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ بغیر ہڈی کے مرغی کا گوشت 770 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی مختلف دکانوں پر مرغی کے گوشت کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ اب مرغی کا گوشت بھی ان کی قوت خرید سے باہر ہو گیا ہے۔
لاہور کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمت کم کرے گی تو دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔
راولپنڈی میں ایل پی جی 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
مارکیٹ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 600 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 11 کلو کے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 6500 روپے سے تجاوز کر گئی ہے، کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بھی 25 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ایل پی جی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے جس کے باعث قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
لاہور میں بھی ایل پی جی سرکاری نرخ سے دگنی قیمت پر فروخت
لاہور کی دکانوں پر ایل پی جی 550 سے 650 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے جبکہ اس کی سرکاری قیمت 279 روپے فی کلو مقرر ہے۔
مہنگی ایل پی جی کے باعث گھریلو صارفین اور رکشہ ڈرائیور شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی بھی جگہ سرکاری نرخ پر ایل پی جی دستیاب نہیں جس کے باعث انہیں اضافی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں بھی آٹا، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، شہر میں مرغی کا گوشت 600 روپے فی کلو، مٹن 2600 روپے فی کلو اور بیف 1600 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ سبزیوں کی قیمتیں بھی زیادہ ہیں۔
