
لاہور (17 ستمبر 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حالیہ نجی دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے پر آنے والے اخراجات کا چیک دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر رواں ماہ کے آغاز میں 5 سے 9 ستمبر تک لندن کا نجی دورہ کیا تھا اور اس کے لیے سرکاری جہاز استعمال کیا گیا تھا۔
اب مریم نواز نے دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال پر آنے والے اخراجات پنجاب حکومت کو دے دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری طیارے کے استعمال کی مد میں پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی رقم خود ادا کی ہے اور مذکورہ رقم کا چیک دے دیا ہے۔
ان کا یہ چیک کل کیش ہو جائے گا۔ بینک رسید کے مطابق عمر عباس نامی شخص نے پیسے جمع کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ مریم کے نجی دورہ لندن پر سرکاری طیارے کے استعمال پر اپوزیشن نے سخت تنقید کی تھی، جس پر پنجاب حکومت کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ نے اپنے دورہ لندن کے اخراجات خود ادا کیے۔
’مریم نواز نے دورہ لندن کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے‘
تاہم اپوزیشن کی جانب سے اصرار کیا گیا کہ دورہ لندن کے اخراجات ظاہر کیے جائیں اور اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا بھی جمع کرائی گئی تھی۔
