لیاری یونیورسٹی میں طلبہ کو بھارتی فلم دکھا دی گئی

کراچی کے علاقے لیاری میں بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر قائم لیاری یونیورسٹی میں طلبہ میلے کے دوران بھارتی فلم دکھائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ فیسٹیول کے دوران بھارتی فلم ’’ہیرا پھیری‘‘ دکھائی گئی۔

جامعہ لیاری کے آڈیٹوریم میں بیٹھے طلباء و طالبات نے فلم میں نامناسب لباس اور غیر اخلاقی رقص بھی دیکھا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ کی کونسل نے شعبۂ بزنس ایڈمنسٹریشن کے ذریعے 3 روزہ میلے کی اجازت مانگی تھی اور میلے کے تیسرے روز بھارتی فلم چلائی گئی۔

آڈیٹوریم میں بھارتی فلم کی نمائش کے موقع پر سوائے ایک استاد کے متعلقہ شعبے سمیت یونیورسٹی کے دیگر اساتذہ موجود ہی نہیں تھے، شرکاء اپنے موبائل فون سے اس کی ویڈیو بناتے رہے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ سوا برس سے جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ جبری رخصت پر ہیں اور یہ چارج جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پی ایم ڈی سی کے رکن ڈاکٹر سراج میمن کے پاس ہے۔

محکمہ بورڈز و جامعات اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہے اور کسی ایک جامعہ میں بھی وقت پر وائس چانسلر مقرر نہیں کر پایا ہے۔

لیاری یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ میلہ یونیورسٹی انتظامیہ کی بغیر کسی پیشگی اجازت کے منعقد ہوا اور آرگنائزرز کی جانب سے مروجہ قوانین پر عمل نہیں کیا گیا اور نہ ہی یونیورسٹی کوڈ آف کنڈکٹ کا احترام کیا گیا تاہم اطلاع ملنے پر اس میلے کو فوری طور پر رکوادیا گیا تھا۔ 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرگنائزر کی جانب سے اس سلسلے میں جامعہ کے قوانین کی سخت خلاف ورزی کی گئی جس کے سبب معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آرگنائزر کو طلب کیا گیا اور انضباطی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ 

انتظامیہ نے واضح کیا کہ یونیورسٹی اس طرح کی خراب مثال کی کسی صورت بھی کیمپس میں اجازت نہیں دے سکتی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*