فیصل آباد الیکٹرک اور ستارہ انرجی کے خلاف 9 ارب 16 کروڑ کے نقصان پر نیب نے تحقیقات سنبھال لیں

کراچی (قومی اخبار ) قومی احتساب بیورو (NAB) نے ستارہ انرجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ فیصل آباد، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران و اہلکاروں، نیپرا اور دیگر کے خلاف قومی خزانے کو مبینہ طور پر 9 ارب 16 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے معاملے کی تحقیقات FIA سے لے کر خود سنبھال لی ہیں۔

چیئرمین NAB نذیر احمد کی جانب سے 3 اگست 2026ء کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق ستارہ انرجی کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدوں پر مبینہ طور پر غیر معمولی نرخوں پر اور نیپرا کی منظوری کے بغیر عملدرآمد کیا گیا، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ FESCO کے متعلقہ افسران و اہلکاروں نے ستارہ انرجی لمیٹڈ کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدوں پر مبینہ طور پر خلاف ضابطہ عملدرآمد کیا، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو تقریباً 9.16 ارب روپے کا نقصان پہنچنے کا الزام ہے۔ معاملے میں کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے الزامات کی تحقیقات قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کے تحت کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ معاملے پر FIA کمپوزٹ سرکل فیصل آباد میں 18 جولائی 2026ء کو FIR نمبر 35 بھی درج کی جا چکی ہے اور FIA کی جانب سے کیس کی تحقیقات جاری تھیں۔

چیئرمین NAB نے اپنے حکم میں FIA کی جانب سے اب تک کی گئی تحقیقات اور پیش رفت کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب آرڈیننس کے تحت ایسے جرائم کی انکوائری اور تحقیقات کی ذمہ داری NAB پر عائد ہوتی ہے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ہی معاملے کی بیک وقت دو مختلف تحقیقاتی اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری رہنے سے کارروائی میں پیچیدگیاں پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ دوہری کارروائی جیسے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے انصاف کے وسیع تر مفاد اور قومی احتساب آرڈیننس کے قانونی منشا کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کی تحقیقات NAB کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیئرمین NAB نے FIA کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ FIR سمیت کیس سے متعلق تمام سابقہ انکوائریز، تحقیقات اور دیگر متعلقہ ریکارڈ فوری طور پر NAB کے حوالے کیا جائے۔ ریکارڈ NAB لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر/انویسٹی گیشن آفیسر حیدر عظمت کے سپرد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے کی نقول ڈائریکٹر جنرل FIA، ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹاف NAB لاہور اور ڈیسک آفیسر مانیٹرنگ لاہور کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
ستارہ انرجی، FESCO کے متعلقہ افسران و اہلکاروں، نیپرا اور دیگر کے خلاف اربوں روپے کے مبینہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا معاملہ اب NAB کی تحقیقات کے دائرے میں آ گیا ہے، جبکہ FIA سے کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*