
کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں شہر کی کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، فائر فائٹنگ اداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے بنیادی انتظامات موجود نہیں، انہیں فوری طور پر حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کا پابند بنایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ہدایت کی کہ فائر سیفٹی آڈٹ سروے کا عمل بلا تاخیر مکمل کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے جاری سرگرمیوں کو مزید تیز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارتوں میں فائر سیفٹی کے تمام تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصان کو کم کیا جاسکے۔اجلاس میں کمرشل عمارتوں کے منظور شدہ نقشے ایک پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر نے بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی کہ اس معاملے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ حکام کے مطابق ایمرجنسی کی صورت میں منظور شدہ نقشوں کی دستیابی فائر فائٹنگ اداروں کو امدادی کارروائیوں میں مؤثر معاونت فراہم کرے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں قائم فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹیاں مختلف علاقوں میں سروے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب تک مجموعی طور پر 907 عمارتوں کا معائنہ مکمل کیا جاچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں 202 عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا گیا، جبکہ متعلقہ عمارتوں کی انتظامیہ کو حفاظتی قوانین اور ایس او پیز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کے مطابق ضلع وسطی میں 185 عمارتوں کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر شرقی نصرا للہ عباسی نے بتایا کہ ضلع شرقی میں 196 عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سروے کے دوران عمارتوں میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ جہاں حفاظتی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، وہاں انتظامیہ کو نوٹسز جاری کرکے تمام ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب ضلع کورنگی میں فائر سیفٹی تقاضے پورے نہ کرنے والے شاہ فیصل کالونی کے ایک شاپنگ سینٹر کو فوری حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔اجلاس میں اسپتالوں، صنعتی یونٹس اور اسکولوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر کراچی نے اسپتالوں کے آڈٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروے ٹیموں میں متعلقہ محکموں کے افسران کو بھی شامل کیا جائے تاکہ حفاظتی انتظامات کا جامع جائزہ لیا جاسکے۔
