
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ اس وقت نئے صوبوں پر بات قبل از وقت ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کل اسمبلی میں ہونے والی تقاریر کو غیر ضروری قرار دیا۔
رانا ثنا نے کہا جو قرار داد سندھ اسمبلی نے منظورکی ویسی ہی قرار دادیں پہلے بھی منظور ہوچکی ہیں، صوبوں کے معاملے میں کل جو حدت اورشدت پیدا کی گئی وہ غیرضروری تھی، سندھ اسمبلی میں تقریرکے دوران قومی اسمبلی کو غیرضروری طورپرنشانہ بنایا گیا۔
رانا ثنا نے کہا پیپلزپارٹی سیاست میں رہنے کے لیے یہ سب کچھ کررہی ہے مگر یہ بات درست ہے کہ پیپلز پارٹی کی سیاست کے لیے سندھ کی تقسیم ایک انتہائی اہم معاملہ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا جب وقت آئے گا تو مسلم لیگ ن ضرورپوزیشن لےگی، 26 ویں ترمیم پر مشاورت ہوئی، ڈیڑھ مہینہ تو فضل الرحمان کے گھر کے باہربیٹھے رہے، مصطفیٰ کمال کیسے کہتے ہیں کہ 26 ویں ترمیم پر ہمیں پتا نہیں تھا۔
رانا ثنا نے کہا صوبوں پر ریفرنڈم کےلیےبھی پہلے پارلیمنٹ میں ہی جانا پڑے گا، کینال کے معاملے پربھی سندھ میں ہنگامے یا احتجاج ہوئے تھے، مراد علی شاہ اور وفاق سے ہم نے ہی ڈیل کیا تھا، کینال کے معاملے میں بھی پیپلزپارٹی نےتھوڑی تاخیرکی۔
انہوں نےکہا پیپلزپارٹی نے سیاسی فائدہ لینے اورلوگوں سے اٹیچ ہونے کےلیے قرارداد پیش کی اور تقاریرکیں، صوبوں کے معاملے پر اس وقت ایسی کوئی صورت نہیں کہ کسی کو اتنا سخت موقف لینے کی ضرورت ہو۔
