
کراچی (کرائم رپورٹر/طاہر عباسی)اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (سی آئی اے) نے صمد کاٹھیاواڑی گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سید اسامہ علی کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ایس ایس پی کے مطابق ملزم بدنام زمانہ صمد کاٹھیاواڑی گینگ کی ہدایات پر مختلف اہداف کی ویڈیوز بنا کر گینگ کے کمانڈرز کو ارسال کرتا تھا، جبکہ کمانڈرز کی ہدایت پر مختلف کارروائیوں میں بھی سہولت کاری کرتا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے دوران گرفتار ملزم کے گوجابا سویٹس اور مرفانی ٹریولز پر فائرنگ کے واقعات میں بھی سہولت کاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ایس آئی یو ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش صمد کاٹھیاواڑی گینگ کے مبینہ غیر ملکی روابط اور کراچی میں فرقہ وارانہ نوعیت کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے ریکی اور سپاری کلنگ سے متعلق پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی مزید تفتیش اور تصدیق جاری ہے۔نیو کراچی میں حالیہ دنوں اہل سنت والجماعت کے ایک کارکن کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سے دورانِ تفتیش گینگ کے مبینہ رابطوں سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں، جن کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی یا کسی غیر ملکی ادارے سے مبینہ رابطوں کے دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق ہونا باقی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور گینگ سے روابط کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
