شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور کی مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر درخواست  پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔

لاہور کی اسپیشل عدالت سینٹرل کے جج نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں بلاجواز توسیع کی لہٰذا درخواست مسترد کی جائے۔

عدالت نے درخواست پر سماعت کے دوران ایف آئی اے کے وکیل سے وکالت نامہ مانگا۔

ایف آئی اے کی درخواست پر جج کا کہنا تھا کہ عدالت  نے پچھلی سماعت پر شہباز شریف کو خود حاضری معافی دی تھی کیونکہ وہ پیش نہیں ہوئے جس پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ ضمانت کے لیے ملزم کو خود پیش ہونا ہوتا ہے، عدالت چاہے تو اس فیصلے کو درست کرسکتی ہے۔

اس پر جج نے کہا کہ عدالت ایک حکم دے چکی ہے وہ غلط ہے یہ صحیح، اب ایف آئی اے جو چاہتا ہے چاہے، وہ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرسکتا ہے،  یہاں کیوں درخواست دائر کی گئی ہے؟

عدالت  نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو 4 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*