
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج اور امتحانی عمل پر نوٹس لے لیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے سندھ بالخصوص کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے نتائج پر طلبا اور والدین کی شکایت کا فوری نوٹس لے لیا۔
قائمہ کمیٹی نے وزارت صحت کو ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج اور امتحانات کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
مراسلے کے مطابق وزارت صحت، پی ایم ڈی سی اور حکومت سندھ کے ساتھ مل کر فوری طور پر بااختیار اور آزاد انکوائری کمیٹی تشکیل دینےکا کہا گیا ہے۔
انکوائری کمیٹی سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز اور نتائج کی تیاری کے عمل کا جامع جائزہ لےگی۔
سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر تک جواب طلب کرلیا
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں ایم ڈی کیٹ امتحان میں مبینہ غلطیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کردیے، عدالت نے فریقین سے دس نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ میرٹ لسٹ بنانے سے روکا جائے جب تک فیصلہ نہ ہو۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں شریک امیدواروں کو سوالنامے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جاری کیے گئے جوابات میں واضح غلطیاں موجود ہیں، میرٹ برقرار رکھنے کے لیے سوالات اور جوابات کی شفاف جانچ ضروری ہے عدالت سے استدعا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے مکمل سوالیہ پرچے اور جوابات سرکاری ویب سائیٹ پر جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے میرٹ لسٹ کی تیاری روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس سلیم جیسر نے ریمارکس دیےکہ لسٹ تیار ہونے دیں اگر آپ کا حق بن گیا تو فہرست ہی تبدیل ہو جائےگی۔
