سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنیوالے 13 خوارج ہلاک

راولپنڈی (30 اپریل 2026): سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی دو کوششیں ناکام بنا دیں، 28 اور 29 اپریل کو مؤثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 13 خوارج ہلاک کیے گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مہمند میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت سکیورٹی فورسز نے بروقت روکی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، کارروائی میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور کارروائی میں شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے ساتھ خوارج کی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تصدیق کرتی ہیں کہ افغان طالبان حکومت اپنی جانب مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے میں مکمل ناکام رہی ہے، پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور افغان سرزمین کو خوارج کے استعمال سے روکے اور افغان شہریوں کے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کا راستہ بند کیا جائے۔

پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان ادارے کے مطابق سکیورٹی فورسز قومی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں، علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں خارجی کے خاتمے کیلیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن عزم استحکام کے مطابق دہشتگردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*