سندھ میں آؤٹ آف اسکول بچوں کے لیے بڑا قدم: 1000 ڈیجیٹل ٹیبلٹس تقسیم کر دیے گئے

کراچی: سندھ میں آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم سے جوڑنے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 1000 ڈیجیٹل ٹیبلٹس تقسیم کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں نان فارمل ایجوکیشن کے فروغ اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے اہم اقدام کیا گیا، کراچی کے اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں 1000 ڈیجیٹل ٹیبلٹس تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ JICA پاکستان کے تعلیم و خواندگی سے متعلق منصوبے کی چیف ایڈوائزر چیہو اوہاشی بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

تقریب کا انعقاد محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹوریٹ آف لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی جانب سے کیا گیا۔

وزیر تعلیم سندھ نے نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز چلانے والی سماجی تنظیموں اور کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کے نمائندگان میں ڈیجیٹل ٹیبلٹس تقسیم کیے۔

اس موقع پر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ نان فارمل ایجوکیشن پروگرام اپریل 2025 میں شروع کیا گیا تھا اور سندھ کے 6 اضلاع میں تقریباً ایک لاکھ آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم سے جوڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بچے روایتی اسکولوں تک نہیں پہنچ سکتے، انہیں کمیونٹی کے تعاون سے تعلیمی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ بالخصوص لڑکیوں اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں تک تعلیم کی رسائی بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ 1000 ٹیبلٹس صرف آلات کی تقسیم نہیں بلکہ 1000 فیسلیٹیٹرز کو بااختیار بنانے اور 1000 تعلیمی مراکز کو مضبوط کرنے کا اقدام ہے۔ ڈیجیٹل ٹیبلٹس کے ذریعے فیسلیٹیٹرز سے رابطے، طلبہ کی حاضری، ڈیٹا مینجمنٹ اور تعلیمی سرگرمیوں کی نگرانی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کا مسئلہ صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے حکومت سماجی تنظیموں اور کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

JICA کی چیف ایڈوائزر چیہو اوہاشی نے کہا کہ فراہم کیے گئے 1000 ڈیجیٹل ٹیبلٹس فیسلیٹیٹرز کی تدریس، سیکھنے، ڈیٹا مینجمنٹ، رابطہ کاری اور نگرانی میں معاون ثابت ہوں گے۔ ان کے ذریعے فیسلیٹیٹرز کو تدریسی مواد، آن لائن تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع بھی میسر آئیں گے

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*