رینجرز کا شیر پاؤ کالونی میں آپریشن، ڈکیت گروہ کا اہم کارندہ گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر شیر پاؤ کالونی کے علاقے لالاباد میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث مبینہ ’’شیرو گروہ‘‘ کے ملزم ارسلان شاہ ولد عبدالصمد کو گرفتار کرلیا۔رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور بغیر کاغذات 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ملزم کے ساتھی کے گھر سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شیر پاؤ کالونی، داؤد چورنگی، ملیر، قیوم آباد، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں اسلحے کے زور پر نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چھیننے سمیت ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو زخمی کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم چھینی گئی موٹر سائیکلیں شیر پاؤ کالونی جبکہ موبائل فونز قائدآباد میں فروخت کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔رینجرز کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزم اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*