
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )دبئی کے سیون اسٹار ہوٹل برج العرب کو مرمت کے لیے 18 ماہ بند کرنے کا اعلان کردیاگیا۔
دبئی کا مشہور لگژری ہوٹل برج العرب،جو اپنی منفرد کشتی نما ساخت اورشاندار ڈیزائن کی وجہ سےدنیا بھرمیں پہچانا جاتا ہے،اب ایک بڑی تبدیلی کے مرحلےمیں داخل ہونےجارہا ہے،برج العرب ہوٹل کی 1999 کے بعدپہلی بڑی مرمت کا آغاز ہورہا ہے۔
کمپنی کی جانب سےکہاگیا ہے کہ مرمت کےدوران کشتی نما ہوٹل کی منفرد ساخت کو برقرار رکھا جائے گا، ہوٹل کے اندرونی ڈیزائن اور طرزِ تعمیر کو محفوظ بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بادبان نما ہوٹل کھلا رہے گا یا نہیں، تاہم ایک عملے کے رکن نے رائٹرز کو بتایا کہ اسے بند کر دیا جائے گا اور اس دوران بکنگ رکھنے والے مہمانوں کو قریبی ہوٹلوں میں متبادل رہائش فراہم کی جائے گی۔
برج العرب کی تعمیر سے پہلے سمندر میں ایک مصنوعی جزیرہ بنایا گیا،جو جمیرہ بیچ سے تقریباً 280 میٹر دور ہے،ہوٹل کےاندرونی حصوں میں 24 قیراط سونےکی تہہ بڑے پیمانےپراستعمال کی گئی ہے،جوستونوں، دیواروں اور دیگر سجاوٹی حصوں کو شاہانہ انداز دیتی ہے۔
ہوٹل میں تقریباً 30 اقسام کے قیمتی پتھر اور سنگِ مرمراستعمال کیے گئے ہیں،جن میں اطالوی اسٹاچوریو ماربل بھی شامل ہے،جو کلاسیکل فنِ تعمیر سے جڑا ہوا ہے۔
