خیبر پختونخوا میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے جنوبی وزیرستان میں دو کیڈٹ کالج قائم

کراچی (رپورٹ عرفان فاروقی)متحدہ عرب امارات نے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں تعلیمی ترقی کے لیے دو اہم کیڈٹ کالج تعمیر کیے ہیں، جنہیں علاقے میں جدید تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں قائم کیڈٹ کالج وانا کا افتتاح 19 ستمبر 2015 کو کیا گیا تھا۔ اس منصوبے پر تقریباً 5.4 ملین امریکی ڈالر لاگت آئی تھی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1.98 ارب روپے بنتی ہے۔ پانچ سو طلبہ کی گنجائش رکھنے والے اس ادارے کو جنوبی وزیرستان کے قبائلی خطے کا ایک بڑا تعلیمی منصوبہ سمجھا جاتا ہے۔ کالج میں جدید سائنسی اور ٹیکنیکل لیبارٹریز بھی قائم کی گئی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں اُس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ الباشا النعیمی اور یو اے ای پروگرام کے ڈائریکٹر عبداللہ الغفلی نے شرکت کی۔

اسی طرح جنوبی وزیرستان کے علاقے سپنکئی میں دوسرا سپنکئی کیڈٹ کالج تعمیر کیا گیا، جس پر 6.3 ملین امریکی ڈالر لاگت آئی۔ یہ ادارہ 450 کیڈٹس کو ثانوی سطح کی تعلیم فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 11,054 مربع میٹر رقبے پر قائم اس تعلیمی ادارے میں 22 کلاس رومز، لیکچر ہال، آرٹس ہال، چار جدید لیبارٹریز، رہائشی سہولیات، ڈائننگ ہال اور سپورٹس ہال شامل ہیں۔

تعلیمی حلقوں کے مطابق جنوبی وزیرستان جیسے دور افتادہ علاقے میں ان اداروں کا قیام نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے بھی ایک مثبت قدم ہے۔ دونوں کیڈٹ کالج اس بات کا مظہر ہیں کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں سماجی شعبے، خصوصاً تعلیم کے میدان میں مسلسل معاونت فراہم کر رہا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*